Urdu Gosha uses cookies.

سُنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے - زہرہ نگاہ Suna hai jangalon ka bhi koi dastur hota hai

0
سُنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے - زہرہ نگاہ Suna hai jangalon ka bhi koi dastur hota hai
Suna hy by Zehra Nigaah

  •  اردو/Urdu 
  •  हिंदी/Hindi 
  •  English 

سنا ہے از زہرہ نگاہ

سنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے
سنا ہے شیر کا جب پیٹ بھر جائے تو وہ حملہ نہیں کرتا
درختوں کی گھنی چھاؤں میں جا کر لیٹ جاتا ہے
ہوا کے تیز جھونکے جب درختوں کو ہلاتے ہیں
تو مینا اپنے بچے چھوڑ کر
کوے کے انڈوں کو پروں سے تھام لیتی ہے
سنا ہے گھونسلے سے کوئی بچہ گر پڑے تو سارا جنگل جاگ جاتا ہے
سنا ہے جب کسی ندی کے پانی میں
بئے کے گھونسلے کا گندمی رنگ لرزتا ہے
تو ندی کی روپہلی مچھلیاں اس کو پڑوسن مان لیتی ہیں
کبھی طوفان آ جائے، کوئی پل ٹوٹ جائے تو
کسی لکڑی کے تختے پر
گلہری، سانپ، بکری اور چیتا ساتھ ہوتے ہیں
سنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے
خداوندا! جلیل و معتبر! دانا و بینا منصف و اکبر!
مرے اس شہر میں اب جنگلوں ہی کا کوئی قانون نافذ کر!

زہرہ نگاہ

Zehra Nigaah
Zehra Nigaah


Post a Comment

0 Comments
Post a Comment
To Top